جمعیت علماء اسلام پنجاب کی مجلس عاملہ ضلعی امراء و نظماء کا اجلاس ،صوبے کی سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ ، مولانا عبد الغفور حیدری کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت

لاہور :
جمعیت علماء اسلام کی مجلس عاملہ ضلعی امراء و نظماء کا اجلاس قائم مقام امیر مولانا اقبال رشید کی زیر صدارت جامعہ مدنیہ کریم پارک میں منعقد ہوا ، اجلاس میں صوبے بھر کے اراکین مجلس عاملہ اور ضلعی زمہ داران نے شرکت کی ، اجلاس میں صوبے کے تنظیمی مسائل اور صوبے کی سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اور صوبہ بھر میں آئندہ انتخابات میں دیگر سیاسی جماعتوں سے مل کر بھر پور انداز میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ،اجلاس میں مولانا حبیب اللہ علی پوری ، مولانا فضل الرحمٰن درخواستی ، مفتی شاہد مسعود ،پیرمحمد فیاض شاہ، حافظ ابوبکر شیخ ، بابر رضوان باجوہ ، قاری محمد ابراہیم حضروی ، مولانا عبدالمجید توحیدی ، حافظ محمد اشرف گجر ، حافظ معاویہ حسن اور اقبال اعوان شریک تھے ۔
اجلاس میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ فخرجمعیت ڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے پرامن قافلے پر خودکش حملہ براہ راست پارلیمنٹ ، ملک اور قانون پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، اجلاس کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر اس بات کا مطالبہ کیا کہ اس ملک دشمن کاروائی میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے کڑی سزا دی جائے ۔