قائد جمعیت کی اپیل پرجمعیت علماء اسلام صوبہ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں احتجاج امریکہ کو منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ، حکومت برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وتشدد کو روکنے میں کردار ادا کرے

پشاور: ( صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان کے مطابق )
قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان مدظلہ کی اپیل پرجمعیت علماء اسلام صوبہ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں احتجاج کیاگیا صوبے کے تمام اضلا ع پشاور،مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، شانگلہ ، چترال، بونیر، سوات، دیر بالا، دیر پائین،ملاکنڈ ایجنسی،کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں ،ٹانک ، ڈیرہ ،شمالی، وجنوبی وزیر ستان ، اورکزئی ایجنسی، مہمند ، باجوڑ، خیبر ، کرم، ایجنسی ایف آر میں نماز جمعہ اور عید کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی عہدیداروں ، خطباء اور علماء کرام نے امریکی صدر کی طرف سے افغا ن پالیسی کے اعلان کے موقع پر پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کو امت مسلمہ ، عالم اسلام اور پاکستان کیخلاف کھلی دھمکی تصور کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے سابق حکومت کی پالیسیوں کو یکسر ختم کرکے نئی پالیسی جاری کرنے اور امریکہ کو منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا گیا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں برما کے ظلم پر خاموش ہیں، حکومت پاکستان برما کے مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وتشدد کو رکوائے ، انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشتگر ملک ہے جو پوری دنیا میں مسلمانوں کو چن چن کر قتل کررہا ہے، انسانی حقوق کاچیمپئن ہونے کا دعویدار امریکہ اور اس کے اتحادی لیبیا،عراق، شام، برما، افغانستان، فلسطین میں بہنے والے خون کے ذمہ دار ہیں اور ایک منظم سازش کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں واضح شکست دیکھ کر امریکہ پاکستان اور اس کے بہادر عوام کی قربانیوں کو سبوثار کرکے پاکستان کیخلاف کارروائی کرنے کا جواز ڈھونڈ رہا ہے، انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ امریکی عزائم کیخلاف یکجہتی کا مظاہرہ کریں، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی قائدین جن میں مفتی کفایت اللہ نے مانسہرہ، مولانا شجا ع الملک نے مردان، مولانا عطاء الحق درویش نے صوابی، مولانا رفیع اللہ قاسمی نے مہمند ایجنسی، مولانا فضل معبود اور مفتی فضل غفور نے بونیر ، مولانا راحت حسین نے شانگلہ ، مولانا عزیز احمد نے ہنگو ، عبدالوحیدمروت نے لکی مروت، مولانا عین الدین شاکر نے کرم ایجنسی، عبدالجلیل جان، مولانا خیرالبشر ، مولانا امان اللہ حقانی، قاری سمیع اللہ جان فاروقی، قاری فیاض الرحمان، مولانا حسین احمد مدنی، اور دیگر قائدین نے مختلف مساجد میں نماز جمعہ کے موقع پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور فوج کے جرات مندانہ موقف کی تائید کی ہے ، انہوں نے کہا کہ 8ستمبر سے صوبہ بھر میں امریکی عزائم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیگی اور ہفتہ احتجاج منایا جائیگا۔