ڈیرہ اسماعیل خان:
جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی راہنما سابق اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی ایم پی اے مولانا لطف الرحمان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کا اسلام آباد مارچ صرف ایک احتجاجی تحریک نہیں بلکہ یہ پاکستان کو اس کے آئین کے مطابق مملکت بنانے کی جانب انقلابی قدم ہے اور یہی وجہ ہے کہ آئین پاکستان کی مخالف اور اسلام دشمن قوتیں اسلام آباد لاک ڈاو¿ن سے خوفزدہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی عہدیداروں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ نااہل سلیکٹیڈ نے نہ صرف ملک کی داخلی صورت حال کو تباہ کردیا ہے بلکہ عالمی محاذ اور خارجی امور میں بھی پاکستان کو تنہائی اور مشکل صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔ پاکستان کا اسلامی تشخص ہی ہماری بنیاد ہے مگر یہ نااہل لاڈلا ملک کی بنیاد کو ہی مٹارہا ہے۔ عوام مہنگائی بےروزگاری کی جس صورتحال سے اب دوچار ہیں قیام پاکستان سے لیکر آج تک ایسی مشکل صورت حال سے کبھی دوچار نہیں ہوئے ملک میں لاڈلوں کے تسلط نے اداروں کو تباہ کردیا ہے مخلص محنتی اور محب وطن افراد کی بجائے تمام محکمہ جات میں من پسند سفارشی اور نااہل مسلط کرکے اداروں کا کارکردگی زیرو کردی گئی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے تکالیف دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی بصیرت کی آج دنیا داد دے رہی ہے جنہوں نے کئی سال پہلے کہہ دیا تھا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کی آڑ میں یہودی ایجنڈہ پاکستان پر مسلط کرکے ملک کے بنیادی تشخص کو ختم کرنے کی سازش ہورہی ہے اور آج پاکستان کا بچہ بچہ یہ تسلیم کررہا ہے کہ موجودہ حکمران پاکستان۔ آئین پاکستان سے وفاداری کے بجائے اسلام اور پاکستان دشمن مذہب بیزار قوتوں کی خوشنودی کے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہیں، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد لاک ڈاو¿ن کےلئے پورے ملک سے صرف جمعیت علمائے اسلام کے کارکن ہی نہیں عام شہری بھی بےتاب ہیں اور وہ مولانا فضل الرحمان کی ایک کال کے منتظر ہیں ،یہ لاک ڈاو¿ن پاکستان کو اسکے آئین کی حقیقی روح کے مطابق اسلامی جمہوریہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہ تحریک قیام پاکستان کی طرح استحکام پاکستان کی تحریک ہے جسکی کامیابی نوشتہ دیوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاو¿ن میں حکومتی بوکھلاہٹ سے نمٹنے کیلئے کارکنوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں مرحلہ وارخیبر پختونخوا سے قافلوں کی روانگی کا شیڈول طے کیا جارہا ہے۔ ان شاءاللہ وقت ثابت کرے گا کہ قافلہ حق کے کارکنوں کو روکنا کسی کی خام خیالی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
آئین پاکستان کی مخالف اور اسلام دشمن قوتیں اسلام آباد لاک ڈاؤن سے خوفزدہ ہیں۔مولانا لطف الرحمٰن
Facebook Comments