آئندہ عام انتخابات کیلئے اضلاع کو انتخابی اتحاد سے متعلق تجاویز اور عام انتخابات کیلئے ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں فاٹا کے مستقبل پر سیاست کرنے والے قبائل عوام پر رحم کریں ، عوام کی مرضی کے خلاف کوئی فیصلہ مسلط نہ کیا جائے ، اضلاع امید واروں کے قبل از وقت اعلان کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کریں

پشاور :
جمعیت علماء اسلام صوبہ خیبرپختونخوا کی صوبائی مجلس عاملہ ، ضلعی امراء ونظماء کا اہم اجلاس مولانا عطاالحق درویش کی صدارت میں منعقد ہوا ،جس میں ارکان مجلس عاملہ مولانا شجاع الملک ، مولانا رفیع اللہ قاسمی ،عبدالجلیل جان ،مولانا عین الدین شاکر ، حاجی اسحاق زاہد ، مولانافضل معبود ، مفتی عبدالشکور ، عبدالوحید مروت ،استقبال خان ، مولانا عزیز احمد ، مولانا خیر البشر ، مولانا امان اللہ حقانی ،حکیم احسان الحق ، سید ہدایت اللہ شاہ، قاری محمد عظیم ، امجد سعید ، مولانا امانت شاہ ، مفتی شوکت اللہ ، مولانا سمیع اللہ اور ضلعی امراء ونظماء نے شرکت کی ۔
اجلاس میں واقعہ مستونگ ، عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اضلاع کی تجاویز ، فاٹا کی صورت حال پر غٖوروغوض کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام خیبرپختونخوا آئندہ عام انتخابات کیلئے بھر پور حکمت عملی طے کرتے ہوئے میدان میں نکلے گی ، اس سلسلہ میں اضلاع کی جماعتوں کو خصوصی اور ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے اضلاع اور صوبہ کی سطح پر کسی بھی سیاسی ومذہبی جماعت کے حوالے سے تجاویز طلب کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے بتایا کہ جمعیت علماء اسلام صوبہ خیبرپختونخوا عید الفطر کے بعد اضلاع کی مرتب کردہ رپورٹوں اور تجاویز کی روشنی میں لائحہ عمل اور حکمت عملی طے کر کے مرکزی جماعت کو ارسال کرے گی۔
اجلاس میں اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام 99حلقوں میں جمعیت علماء اسلام کی پوزیشن ، سیاسی جماعتوں سے اتحاد 2002، 2008، 2013کے انتخابی نتائج اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں طے کر کے صوبائی جماعت کو ارسال کریں ۔
اجلاس میں بعض اضلاع اور پی کے کی طرف سے امیدواروں کے اعلانات پر ضلعی جماعتوں کو ہدایات کی گئی کہ وہ متعلقہ حلقوں اور تنظیموں کے خلاف فوری نوٹس لیں اور آئندہ اس قسم کے اعلانات کی حوصلہ شکنی کریں ،امیدواروں کے اعلانا ت صوبائی جماعت کی مشاورت کے ساتھ مرکزی جماعت کرے گی ۔
اجلاس میں فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے بعض ارکان اسمبلی کے مبینہ رویہ اور کردار کشی مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضع کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام قبائل عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کوئی بھی فیصلہ قبائل کی مرضی کے خلاف مسلط کرنے کی اجازت نہیں دے گی ، اجلاس میں واقعہ مستونگ اور مولانا عبدالغٖفور حیدری کے قافلے پر حملے اور جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کی شہادت پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام بلوچستان ، مولانا عبد الغفور حیدری اور دیگر پسماندگان کے ساتھ صوبائی جماعت کی طرف سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا ، اجلاس میں اس واقعہ کو ملکی وحدت کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے ایک سوچا سمجھا منصوبہ قرار دیااور مطالبہ کیا گیا کہ واقعہ میں ملوث ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔