جمعیت علماء اسلام آزادی صحافت کی ہر جدوجہد میں صف اول کا کردار ادا کرتی چلی آرہی ہے اور آزادی صحافت کی علمبردار جماعت ہے، قیادت کی کردار کشی برداشت نہیں کی جائے گی.قاری محمد عثمان

جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی قیادت میں وفد نے جیو نیوز اور جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمن سے انکے دفتر میں ملاقات کر کے 3 مارچ کو جیو نیوز پرچلنے والے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے خلاف نازیبا الفاظ پر سخت احتجاج کیا اور خبردار کیا کہ جمعیت علماء اسلام اپنی قیادت کے خلاف کسی بھی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کرسکتی۔ اس موقع پر جنگ اور جیو گروپ کے سینئر ارکان اظہر عباس، زاہد حسین، جنگ گروپ کے ایڈیٹر مدثر مرزا، جمعیت علماء اسلام کے مولانا حماد اللہ شاہ، قاضی نورالرحمن بھی موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام آزادی صحافت کی ہر جدوجہد میں صف اول کا کردار ادا کرتی چلی آرہی ہے اور آزادی صحافت کی علمبردار جماعت ہے، مگر اس کا مقصد ہرگز یہ نہیں ہے کہ جیو نیوز جیسے بڑے قومی ادارے کی طر ف سے ہماری قیادت کی کردار کشی کی جائے ۔میر شکیل الرحمن اور انکی پوری ٹیم نے جیو نیوز سے منسوب اس قبیح حرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فوری طور پر اسی وقت بھی سر عام معافی مانگی تھی اور اب بھی خود مولانا فضل الرحمن جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں سمیت مولانا کے عقیدت مندوں سے نہ صرف معافی چاہتے ہیں بلکہ اس عمل کی تحقیقات کررہے ہیں، جسکی روشنی میں ادارہ پوری طرح ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے ایسے فرد یا افراد کے خلاف سخت ادارتی کارروائی عمل میں لائے گا جو باقاعدہ مشتہر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ گروپ اور جیو نیوز کے مالکان مولانا فضل الرحمن کا حد درجہ نہ صرف احترام کرتے ہیں بلکہ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ماضی اور حال کے رشتوں کو مستحکم کریں گے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن اور جمعیت علماء اسلام کی آزادی صحافت کی جدوجہد میں بھر پور تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا۔