تحریک آزادی ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے،نئے عالمی منظرنامے میں آزادی کی جنگوں کو دہشتگردی کا نام دیا جارہا ہےامریکہ مسئلہ کشمیر اور سی پیک پر انڈیا کی زبان بول رہا ہے۔مولانافضل الرحمان

اسلام آباد:
قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہندوستانی مظالم کا مقابلہ کشمیریوں کی چوتھی نسل کر رہی ہے، تحریک آزادی ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے، نئے عالمی منظرنامے میں آزادی کی جنگوں کو دہشتگردی کا نام دیا جارہا ہے، امریکہ نے پوری دنیا میں جنگ کی آگ لگائی، اور اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا نام دیا گیا۔ آج امریکہ اور ہندوستان کے مفادات ایک ہوچکے ہیں اور دونوں ایک ہی پیج پر نظر آرہے ہیں، آج امریکہ و اسرائیل فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کو بھی دہشت گردی کا نام دے رہے ہیں۔ ماضی کی جنگوں میں جنگجو جبکہ آج نہتے عوام ظلم کا شکار ہو رہے ہیں، مساجد، جلوسوں، اجتماعات اور ڈرون حملوں میں عام آدمی مارا جارہا ہے۔ امریکہ مسئلہ کشمیر اور سی پیک پر انڈیا کی زبان بول رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میثاق ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’مسئلہ کشمیر جائزہ اور اس کا ممکنہ حل‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت چیئرمین کشمیر کمیٹی قائد ملت اسلامیہ مولانا فضل الرحمان نے کی۔