پوری امت مسلمہ عقیدہ ختم نبوت پر متحد ہے ،جمعیت علماء اسلام نے ہر دینی تحریک میں ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے.مولانا فضل الرحمان

لاہور:
قومی سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےقائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی عزت اور محبت ایمان کا حصہ ہے۔ پوری امت مسلمہ صرف عقیدہ ختم نبوت پر متحد نظر آتی ہے۔
جمعیۃ علماء اسلام نے ہمیشہ قانون اور دستور کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کی ، اپنی جدوجہد سے اس قوم کے لئے عظیم کامیابیاں حاصل کیں، ہمارے اکابرین نے اسلامی دستور کی تشکیل میں کردار ادا کیا، قادیانی مسئلہ کو حکمت وبصیرت سے حل کیا، مستقبل میں آئین وقانون کی اسلامائزیشن کے حوالے سے ایک آئینی طریقہ کار تشکیل دیا جس کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کی صورت میں ایک دستوری ادارہ کے ذریعے بقیہ جدوجہد کو آگے بڑھانے کیلئے راہ عمل متعین کی گئی ، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ اس قانون سازی کے 43سال گزرجانے کے بعد بھی آج تک اس نہج پر قانون سازی کا آغاز نہیں کیا جاسکا دستور پاکستان کے اس اولین تقاضے کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے اور ہمارا سنجیدہ طبقہ اس کی طرف توجہ کرنے کو بھی تیار نہیں ہے ۔ جمعیت علماء اسلام کی جدوجہد جاری ہے گزشتہ اور موجودہ پارلیمنٹ میں سیکولر طبقے کی جانب سے پاکستان کی اسلامی شناخت کو تبدیل کرنے، ناموس رسالت ؐقانون کے خاتمے، قادیانیوں کے حوالے سے دستوری شقوں کی تبدیلی کے لئے کی جانے والی سازشوں کا جمعیۃ علماء اسلام نے دیگر دینی قوتوں کے ساتھ مل کر سدباب کیا ، اس کے علاوہ پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے وقتا فوقتا کی جانے والی غیر اسلامی قانون سازی کے خلاف بھی جمعیت علماء اسلام نے اتحادی جماعت ہونے کے باوجود جدوجہد کی اورکامیابی حاصل کی، جمعیت علماء اسلام نے ہر دینی تحریک میں ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن اور اسلام کے مطابق حقوق نسواں بل کی تشریح چاہتے ہیں، پاکستان کو بدلنا ہے تو مغربی تہذیب کو پاکستانی تہذیب پر فوقیت نہ دی ۔ انہوں نے بیت المقدس کے معاملے پر ترک صدر کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑے گا، اس معاملے پر عرب ممالک کو بھی مفادات سے بالاتر ہو کر بولنا پڑے گا اور او آئی سی کو بھی موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
کانفرنس سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا محمد امجد خان ، جمعیت علماء پاکستان کے صدر پیر اعجاز ہاشمی ، جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر مولانا سید کفیل شاہ بخاری ودیگر مہمانان گرامی نے بھی خطاب کیا اور جمعیۃ علماء اسلام ضلع لاہور کو کانفرنس کے انعقاد اور بھرپور کامیابی پر خراج تحسین بھی پیش کی