دھرنوں سے صرف بحران پیدا ہوئے اور معیشت کو نقصان پہنچا ملک مزید نقصان کا متحمل نہیں،پاکستانی عوام فلسطینیوں کےشانہ بشانہ کھڑی ہےاس معاملے پر اپنا احتجاج بار بار ریکارڈ کراتے رہیں گے.مولانا فضل الرحمان

لاہور:
قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہے کہ یروشلم بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق اب تک اسرائیل کا حصہ نہیں ہے۔ اسرائیل کے علاوہ دنیا کا کوئی ملک امریکی صدر کے فیصلے کو پذیرائی نہیں دے رہا۔ عقل سے عاری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عجیب فیصلہ کر دیا۔ ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پیدا ہونیوالا ختم نبوت کا مسئلہ بھی بہت اہم ہے۔ یہ مسئلہ پارلیمنٹ سے پیدا ہوا اور پارلیمنٹ میں ہی ختم ہوا۔ مولانا فضل الرحمان نے دھرنے کے امکانات رد کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں سے صرف بحران پیدا ہوئے۔ ان حالات میں ملک کے معاشی منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں۔ دھرنوں سے کبھی مثبت اثرات مرتب نہیں ہوئے۔ دھرنوں سے ہمیشہ معیشت کو نقصان پہنچا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے سی پیک کو نقصان ہو سکتا ہے۔ الیکشن کا وقت قریب ہے، ہر سیاسی جماعت تیاری کر رہی ہے۔ قومی سطح پر سنجیدگی برقرار نہ رکھی گئی تو نقصان ہو سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے اور باضابطہ اعلان ابھی ہونا باقی ہے جس کیلئے ابھی کمیٹی کام کررہی ہے متحدہ مجلس عمل الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ پارٹی ہے ۔کمیٹی کے حتمی فیصلہ کے بعد باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔