نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں پاکستان جس مقصد کے لئے حاصل کیا گیاتھا نوجوان اس کے حصول کے لئے کردار ادا کریں،مولانا عبد الغفور حیدری

سکھر :
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ و مرکزی سیکر ٹری جنرل جمعیت علماء اسلام مولانا عبدالغفور حیدری مدظلہ نے کہا ہے کہ ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں اور ملک اس وقت نازک دور سے گذر رہا ہے، امریکہ ہم سے بار بار ڈو مور کا مطالبہ کررہا ہے، سیکولر اور لبرلز کے نام پر چند لوگ نوجوانوں کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں، پاکستان جس مقصد کے لئے حاصل کیا گیا، نوجوان اس کے حصول کے لئے کردار ادا کریں، 2018ء کے انتخابات میں جمعیت علماء اسلام سندھ سمیت ملک بھر سے کامیابی حاصل کرے گی۔ لب مہران پارک سکھر میں منعقدہ بزم طلباء کنونشن بسلسلہ تاسیس جمعیت طلباء اسلام سے خطاب میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں، نظام مصطفیٰ، ختم نبوت تحریک کی کال پر نوجوانوں کو جب بھی پکارا گیا وہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ میدان عمل میں نکل آئیں انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنا ڈو مور کا ڈرامہ بند کرے پاکستانی عوام نے امریکہ کے ڈوبنے مور کے مطالبے پر بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن اب امریکہ کا کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا، انہوں کہا کہ کسی بھی نظام کی تبدیلی عورتوں کے ذریعے نہیں آسکتی نظام کی بہتری اور ملک کی مضبوطی کیلئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے ، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مولانا امیر زمان نے کہا کہ کامیابی اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی ہے، سر سے کفن باندھ کر ملک میں اسلامی نظام لاگو کرائیں گے اور پاکستان کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکی امداد کی ضرورت نہیں، گھاس کھاسکتے ہیں لیکن امریکہ کی غلام قبول نہیں کریں گے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ حکمرانوں کے مظالم کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں،آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے سندھ اسمبلی میں پرچم نبوی لہرائیں گے، ظالم اور جابر حکمرانوں کو شکست دے کر سندھ کے مظلوم عوام کو ظالموں سے نجات دلائی جائے گی ۔