سربراہ جمعیت علما اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمن نے قطر میں حماس رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن گزشتہ شب جدہ سے قطر پہنچے جہاں انہوں نے فلسطین اور حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
انہوں نے حماس رہنما خالد مشعل سے بھی ملاقات کی اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تمام فلسطینی شہدا کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔انہوں نے ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید اسماعیل ہنیہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان کی شہادت سے فلسطین کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملے گی۔ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر پورا عالم اسلام افسردہ ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مسجد اقصی کو صہیونی غاصبوں سے آزاد کرانا مسلمانوں پر فرض ہے۔ حماس رہنماؤں کے حوصلے بہت بلند ہیں۔ فلسطینی عوام اورامت مسلمہ کسی صورت مسجد اقصی اور فلسطین کی آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
جے یوآئی اور پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے شہدا غزہ کے لئے بھی فاتحہ خوانی اور دعا کی۔ حماس رہنماؤں کا آگاہ کیا گیا کہ جمعہ کوملک بھر میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر اسرائیل کے خلاف بھرپور مظاہرے کئے گئے۔ قومی اسمبلی ،سینیٹ ،کے پی اور بلوچستان اسمبلی میں قراردادیں بھی پیش کی گئیں۔ شہید اسماعیل ہنیہ کے لئے ملک بھر کے مساجد اور مدارس میں قرآن خوانیاں بھی کی گئیں۔مولانا فضل الرحمان دعا ہے کہ اللہ کریم اسماعیل ہنیہ کی شہادت کو قبول فرمائے اور ان کو اپنے شایان شان جزا عطا فرمائے، اللہ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ علامہ راشد محمود سومرو بھی وفد میں شامل تھے۔