علماء وخطباء امریکی دہشت گردانہ سوچ اور روش کے خلاف محراب وممبر سے صدائے احتجاج بلندکریں قوم کے شعور کو اجاگرکریں، دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستانی قوم کسی عالمی طاقت کی جارحیت اور دہشت گردی سے مرغوب نہیں ہوگی۔مولانا فضل الرحمان

قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان دامت برکاتہم نےملک پاکستان کے خلاف امریکی صدر کے دھمکی آمیز اعلان پرعلماء وخطباء کو امریکی دہشت گردانہ سوچ اور روش کے خلاف محراب وممبر سے صدائے احتجاج بلندکرنے کی تاکید کردی۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی میڈیا سنٹر سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ
میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جو افغانستان کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے اور اس میں اس نے پاکستان کو دھمکیاں دیںہیں اورپاکستان کی حدود کے اندر حملے کرنے اور بمباری کرنے کی باتیں کی ہیں۔
اس پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے۔ اور پوری قوم کو اسطرح کے جارحانہ بیانات جو درحقیقت ایک دہشت گردانہ ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس پر ہمیں قومی حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کرناہے۔
میں تمام علماءکرام اور خطباء عظام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ یکم ستمبر( بروز جمعہ ) جمعۃ المبارک سے اجتماعات میں اور دو ستمبر کو عید قربان کے خطبات کے موقع پر امریکہ کی ان دھمکیوں کے خلاف،ان کی ان غیر ذمہ دارانہ روش کے خلاف ہمارا محراب وممبر احتجاج کرتا نظر آئے۔
ہمارے خطباء ان کے خلاف احتجاج کرتے نظر آئیں قوم میں بیداری پیدا کریں اور قوم کے اندر ایک خودار اور غیرتمند قوم کے شعور کو اجاگر کرکے ان کے جذبات کی ترجمانی کریں۔
اور اس کے بعد اگلے جمعہ 8 ستمبر سے پورا اگلا ہفتہ پورے ملک میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔
جمعیت علماءاسلام کے تمام صوبائی،ضلعی اور مقامی جماعتوںسے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اس اعتبار سے وہاں کے عوام کو،مقامی سطح کے لوگوں کو منظم کریں،ریلیاں منظم کریں اور امریکا کی اس جارحانہ اورغیر ذمہ دارانہ پاکستان اور پاکستانی قوم کے خلاف روش پراحتجاج کیلئے لوگوں کو گھروں سے نکالیں۔میدان میں آئیں اور دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستانی قوم کسی بھی قیمت پر کسی عالمی طاقت کی جارحیت اور دہشت گردانہ رویوں سے نا مرغوب ہوگی اور نا ہم ان کے آگے سر جھکائیں گے۔
ہم ایک قابل فخر قوم ہیں،ہم اپنی خوداری پر فخر کرتے ہیں،ہمیں ان کی امداد پر انحصار نہیں کرنا چاہیئے۔
پاکستان کو امریکا اور مغربی دنیا کے مالیاتی انحصار سےنکلنا ہوگاتا کہ ہم حقیقی آزادی اور خود انحصاری کی منزل کو پاسکیں

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ویڈیو پیغام ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔