جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی علماء اور خطباء سے کل بروز جمعۃ المبارک یوم تشکر منانے کی اپیل
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
وفاقی حکومت نے وفاقی شرعی عدالت سے سودی نظامِ معیشت کے حوالے سے تمام اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کرکے وطن عزیز پاکستان میں سود سے پاک معاشی نظام کی طرف پہلا قدم اٹھایا ہے ۔یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے ۔یہ کروڑوں پاکستانی مسلمانوں کی دلی آرزو اور خواہش ہے ۔علماء کرام کی برسہا برس کی محنت اور جدوجہد کی بدولت یہ ممکن ہوا۔ ہم اللہ اور رسول اللہ ﷺ سے جنگ کا نظام نہیں چاہتے، ملک کو سود سے پاک نظامِ معیشت کی جانب لے جانا چاہتے ہیں۔مسلمان ہونے کے ساتھ ساتھ بحیثیت جماعت بھی جے یو آئی کے لئے یہ فیصلہ باعث فخر ہے کہ موجودہ حکومت کے اہم اتحادی ہونے کی وجہ سے اس فیصلے میں جے یو آئی کا بھرپور کردار رہا ۔
اس اہم موقع پر قوم جہاں مبارکباد کی مستحق ہے وہیں علماء ،خطباء اور ذرائع ابلاغ سے متعلق دیگر حضرات کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ وہ سود سے پاک نظام معیشت کے حوالے سے قوم کو مزید حقائق سے آگاہ کریں ،اس سودی نظام کی خرابیاں اور غیر سودی نظام کی برکتوں کو قوم کے سامنے آشکارا کریں تاکہ غیر سودی نظام کے حوالے سے قوم کے ذہنوں میں کوئی شک وشبہ نہ رہے اور انہیں مکمل تحفظ کا احساس ہو ۔
اس اہم موقع پر اللہ کریم کے حضور سجدہ شکر ضرور بجا لائیں اور اس بابت اللہ کریم سے مزید اقدامات کی توفیق کی دعائیں مانگیں ۔
اللہ کریم ہم سب کا حامی وناصر ہو اور ہماری زندگیاں دین متین کی سربلندی کی کوششوں میں صرف ہو ۔
والسلام
جاری کردہ :محمد اسلم غوری
ترجمان جے یو آئی پاکستان