گھریلو تشدد اور وقف املاک کے حوالے سے پارلیمنٹ میں زیر غور دونوں بل آئین سے متصادم ہیں،گھریلو تشدد کے خاتمے کے حق میں ہیں لیکن موجودہ قانون سے خاندانی زندگی تباہ و برباد ہوگی،اس بل میں قرآن و سنت کے منافی شقیں شامل کی گئی ہیں

کراچی (پ ر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی انتخابی اصلاحات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ دھاندلی کی پیداوار حکومت کے تحت انتخابات قبول نہیں بلدیاتی انتخابات کا اعلان ڈھونگ ہے، ہمارامطالبہ منصفانہ عام انتخابات ہے،انہوں نے کہاکہ گھریلو تشدد اور وقف املاک کے حوالے سے پارلیمنٹ میں زیر غور دونوں بل آئین و قانون اور قرآن سنت کے منافی ہیں، گھریلو تشدد کے خاتمے کے حق میں ہیں لیکن موجودہ قانون سے خاندانی زندگی تباہ و برباد ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ہم پر مسلط کی گئی حکومت ناجائز ہے،نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہاہے، پاکستان کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کے لئے قانون سازی نہیں کرنے دیں گے،عمران خان پاکستانی سیاست کا غیر اھم حصہ ہے نا اہل حکمرانوں نے ملک کو تنہا کردیا ہے، کے پی میں کورونا کی مد میں تین ارب کی کرپشن ہوئی ہے،پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ملک گیر احتجاج کی حکمت عملی طے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوپی کے سربراہ صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی کے ہمراہ ان کی رہائشگاہ بیت الرضوان پرمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو، محمد اسلم غوری ، مولانا عبدالکریم عابد، قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث ، سمیع الحق سواتی مولاںا غوث صابری ، شرف الدین اندھڑ ودیگر بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ گھریلو تشدد اور وقف املاک کے حوالے سے پارلیمنٹ میں زیر غور دونوں بل آئین سے متصادم ہیں،گھریلو تشدد کے خاتمے کے حق میں ہیں لیکن موجودہ قانون سے خاندانی زندگی تباہ و برباد ہوگی،اس بل میں قرآن و سنت کے منافی شقیں شامل کی گئی ہیں،ہم خاندانی نظام بچانے کے لیے پوری قوت سے نکلیں گےعلمائ کرام کی کمیٹی ان بلز کا جائزہ لے رہی ہے اس کے بعد اے پی سی بلائی جائیگی ملک گیر احتجاج ھو گا۔انہوں نے کہاکہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک تنہا ہوتا جارہے ہے ،بے روزگاری عام ہے، نوجوان نسل مایوس ہے جو ایک المیہ ہے،افغانستان کی نئی صورت حال میں ایک بڑے اسٹیک ہولڈر کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں بلایا نہیں گیا ،جو بائیڈن ملک کے جعلی وزیر اعظم سے بات کرنے کو تیار نہیں ،امریکہ پاکستان پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے،موجودہ حکومت غیر ائینی و غیر قانونی ہے،انہوں نے کہا وزیراعظم نے دعوی کیا کہ ہم امریکہ کو اڈے نہیں دیں گے ،جواب میں امریکہ نے کہا ہم نے اڈے مانگے ہی نہیں ہیں،ایسا جھوٹا وزیر اعظم ہم پر مسلط ہے۔مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ عمران خان ملکی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے وہ منتخب نہیں ہے کشمیر فروخت ہو چکا ہے ناہل حکمرانوں کی وجہ سے قوم مایوس ہوچکی ہے ،ملک میں غیر ائینی و غیر قانونی حکومت ہے اسے ھم نہیں مانتے دوسروں کو چور چور کہنے والے کےپی کے میں کورونا کی مد میں تین ارب کی کرپشن کا جواب دیں آڈیٹرجنرل کی رپورٹ میں سب بے نقاب ہوچکا ہے، کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تنہا کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ چائنا جیسا پاکستان کا دوست بھی اعتبار کرنے کو تیار نہیں ،چین نے سی پیک منصوبہ سب سے پہلے پاکستان سے شروع کیا ،نا تجربہ کار لوگوں کی وجہ سے چین اعتبار کرنے کے لئے تیار نہیں ہے، ملک میں قومی سطح پر انتخابات کرائے جائیں،بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان ڈھونگ ہے،حکومت کے یکطرفہ اقدامات ہمیں قبول نہیں ،دھاندلی کی پیداوار حکومت کے تحت انتخابات قبول نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جس الیکشن کے نتائج نے ملک کو بحران کا شکار کیا عدالتیں اس پر ایکشن کیوں نہیں لیتیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ افغانستان کا سیاسی بنیادوں پر حل نکالا جائے افغانستان میں طالبان کی قیادت مزاکرات کی بات کرتی ہے ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اپنی پالیسیوں کی وجہ سے پی ڈی ایم سے الگ ہوچکی ہے ،ان کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہئے ،ہم پیپلز پارٹی کی سیاست کو اچھی طرح جانتے ہیں ،ملک میں ایک تجربہ کیا جو ناکام ہوا ہے اس تجربہ کے نتیجے میں نااہل حکومت وجود میں آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاست بچوں کا کھیل نہیں ہے،مخالفین کے ساتھ بھی بیٹھنا پڑتا ہے ،سیاسی جماعتوں کی توڑنے کی سازش جہاں ہوتی ہے سب جانتے ہیں ،سیاسی جماعتوں سے لوگ دوسری جماعتوں میں چلے جاتے ہیں اس سے پارٹی میں کوئی فرق نہیں پڑتاہے۔ قبک ازیں انہوں نے سابق گورنر سندھ وبزرگ سیاستدان ممتاز بھٹو مرحوم کے انتقال پر ان کی رہائشگاہ جاکر صاحبزادگان سے تعزیت کی اور بلندی درجات کی دعا کی ۔

جاری کردہ شعبہ نشر واشاعت جے یوآئی سندھ

Facebook Comments