سی پیک جہاں علاقائی سطح پر گیم چینجر منصوبہ ہے وہاں اس کی تکمیل سے ڈیرہ اسماعیل خان تجارتی جنکشن کا روپ دھار لے گا، عبدالخیل میں132کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مولانا فضل الرحمٰن مدظلہ کا خطاب

ڈیرہ اسماعیل خان:
قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن مدظلہ نے کہا ہے کہ سی پیک جہاں علاقائی سطح پر گیم چینجر منصوبہ ہے وہاں اس کی تکمیل سے ڈیرہ اسماعیل خان تجارتی جنکشن کا روپ دھار لے گا چین سے آنے والی سڑک سے یہ گوادر کے ذریعے وسط ایشیاء اور افریقہ تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہوگی مقامی طور پر ڈیرہ اسماعیل خان کا سفر اسلام آباد تک چند گھنٹے ہو جائے گا 200ارب روپے کی مالیت سے یارک ٹو اسلام آباد سیکشن پر کام تیزی سے جاری ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آبائی گاوں عبدالخیل میں132کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر چیف پیسکو شبیر احمد تنولی صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمن کمشنر افغان ریفیوجی انجنیئر ضیاء الرحمن صاحبزادہ اسجد محمود بھی موجود تھے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ گرڈ سٹیشن کی تعمیر کیلئے اہلیان عبدالخیل نے 64کنال اراضی واپڈا کو بلا معاوضہ دی ہے جس پر 64کروڑ روپے کی لاگت سے گرڈ سٹیشن کی تعمیر کا آغاز ہو گا اور اس کو24کلومیٹر ہائی ٹرانسمیشن لائن سے چشمہ بیراج سے لنک کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس گرڈ سٹیشن کے قیام سے جہاں مقامی علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی وہاں بجلی کی کم وولٹیج کے باعث پینے کے پانی کے بورنگ سے متعلقہ مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا انہوں نے کہا کہ کڑی خیسور اور ڈھکی کے درمیان سے دریائے سندھ کے اوپرجدید سہولیات سے آراستہ اور عصر حاضر کی ضروریات کے مطابق ایک رابطہ پل تعمیر کیا جائے گا جو صوبہ پنجاب کے علاقہ پپلاں وکلورکوٹ کے درمیان میں ہو گا اس کو پہاڑ کو کاٹ کر عبدالخیل انٹرچینج سے سی پیک سے منسلک کیا جائے گا جبکہ انڈس ہائی وے کو چار رویہ کرنے کے پراجیکٹ کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے جس پر بہت جلد کام کا آغاز کیا جائے گا مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ لیف کینال کے پراجیکٹ پر بھی ہماری کوشش ہے کہ بہت جلد کام کا آغاز ہو جس سے ڈیرہ اسماعیل خان کی کل12لاکھ ایکڑ اراضی قابل کاشت ہو جائے گی جس سے یہاں کے بسنے والوں کی تقدیر بدل جائے گی انہوں نے کہا کہ ڈیرہ سے یارک تک25کلومیٹر لمبا اور50کلومیٹر چوڑا صنعتی ذون قائم کیا جائے گا جو جدید سہولیات سے آراستہ ہو گا اور یہ موجودہ ڈیرہ شہر سے کئی گنا بڑا ہو گا انہوں نے کہا کہ ہم ترقی کا ایک ویژن رکھتے ہیں اور اپنے مقاصد میں انشاء اللہ کامیاب ہوں گے۔قبل ازیں مولانا فضل الرحمن نے 132کے وی عبدالخیل گرڈ سٹیشن کے ترقیاتی منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی چیف پیسکوشبیر احمد تنولی اپوزیشن لیڈر صوبائی اسمبلی مولانا لطف الرحمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔