جمعیت علماء اسلام کا ہر کارکن اپنے نظریہ پر جان فدا کرنے کو دنیاء و آخرت کی سعادت سمجھتاہے۔میرے قافلہ پر حملہ ایک بزدلانہ فعل تھا ایسے بزدلانہ کاروائیوں سے ہمیں مرعوب نہیں کیا جا سکتا ہے. مولانا عبدالغفور حیدری

خضدار : جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل وڈپٹی چیئر مین سینٹ مولانا عبد الغفو ر حیدری نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے قائدین و کارکنوں کو موت سے ڈرا دہمکا کر ان کے نظریہ و جد وجہد سے باز نہیں رکھا جاسا سکتا ۔جمعیت علماء اسلام کی بنیاد یں پاکستان سمیت دنیابھر کے کروڑوں مسلمانوں کے دلوں میں رچ بس گئی ہے کہ ان کو نکالنا کسی طاغوت کے بس میں نہیں جو لوگ جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کو خوف زدہ کرکے اپنے کاز سے دور رکھنا چاہتے ہیں ۔ان کو برطانیہ و سویت یونین کے سامراجوں کی شکست و ریخت کی تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیئے، جمعیت علماء اسلام کا ہر کارکن اپنی نظریہ پر جان فدا کرنے کو دنیاء و آخرت کی سعادت سمجھتاہے۔میرے قافلہ پر حملہ ایک بزدلانہ فعل تھا ایسے بزدلانہ کاروائیوں سے ہمیں مرعوب نہیں کیا جا سکتا ہے جمعیت علماء اسلام ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کے لئے سیاسی و پارلیمانی جد و جہد جاری رکھے گی۔ ملک کو غیر مستحکم کرنے والے ملکی و بیرونی قوتوں کو یہ سمجھ لینا ضروری ہے کہ پاکستان کی بنیادوں میں بر صغیر کے ہزاروں مسلمانوں کا خون شامل ہے اس خون کو ہم رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ملک کے جغرفیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے جمعیت علماء اسلام کا ہر کارکن سد سکندری بن جائیگا ۔ان خیالات کا اظہا ر مولانا عبد الغفور حیدری جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی مجلس عمومی کے رکن میر یونس عزیز زہری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔میر یونس عزیز زہری ، جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے مجلس عمومی کے ممبر مولانا محمد صدیق مینگل ، جمعیت علماء اسلام کے راہنما محمد اکبر گنگو نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں مولانا عبد الغفور حیدری کی عیادت کی ۔اس موقع پر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ گرچہ مستونگ کا واقعہ انتہائی دل خراش ہے جس واقعہ میں ہمارے درجنوں کارکنوں نے جام شہادت نوش کیا درجنوں زخمی ہوئے ہمیں ان کا رکنوں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی ہے ۔جمعیت علماء اسلام کا ہر کارکن ان شہدا ء کو اپنی فیملی کا ممبر سمجھتا ہے کیونکہ جمعیت علماء اسلام کے نظریہ سے وابسطہ افراد جہاں کے بھی ہوں وہ ایک بھائی کے مانند ہوتے ہیں ۔لیکن میں بستر علالت سے ان قوتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں جن کا خیال ہے کہ وہ اس طرح کی کاروائیوں سے ہمیں خوف زدہ کرکے اپنے کاز سے دور رکھیں گے ان بزدلوں کے لئے میرا پیغام ہے کہ اس جیسی نیچ حرکتوں سے ہمارے حوصلے کمزور نہیں ہونگیں بلکہ مزید بلند ہونگیں ۔مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک حقیقت ہے جمعیت علماء کا نظریہ اور سرمایہ ہے جمعیت علماء اسلام کی جدو جہدکے ایک سو سال قربانیوں و شہادتو ں سے بھرے پڑے ہیں ۔اس تاریخ کو پڑھنے کی ضرورت ہے،جمعیت علماء اسلام کے بوریا نشین اپنے وقت کے سامراجوں سے ٹکرائے اور ان کے غرور کوخاک میں ملایاتھا آج وہ سامراج دنیاء سے مٹ گئیں ۔لیکن جمعیت علماء اسلام باقی ہے اللہ رب العالمین سے امید ہے کہ جمعیت علماء اسلام تا قیامت باقی رہیگی کیونکہ ہم اسلام کے اصولوں کی سیاست کرتے ہیں ۔ہماری طرز جد و جہد میں انتہاء پسندی قتل و غارت گری شامل نہیں ہے جمعیت علماء اسلام پاکستان کے تمام دینی و سیاسی قوتوں کے اتحادکی خواہا ں ہے ہم نے ہمیشہ قوم پر ستی و فرقہ پر ستی کے نام ،قتل وغا رت گری کی مذمت کی ہے اور آئندہ بھی اسی نظریہ پر کاربند رہیں گے ۔