چیف جسٹس ہمارے لئے قابل احترام ہیں مگر جے یوآئی کے امیر مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس عامی ہفوات پر مبنی ہیں . حافظ حسین احمد

اسلام آباد :
جمعیت علماءاسلام پاکستان کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس ہمارے لئے قابل احترام اور معتمد شخصیت کے مالک ہیں۔ہم انہیں صادق اور امین سمجھتے ہیں ان کے فیصلوں سے اتفاق یا اختلاف کی گنجائش رہتی ہے لیکن ان کی نیت پر شبہ نہیں کرتے،اس عظیم اور ذمہ دار منصب کی حامل شخصیت نے جمعیت علماءاسلام کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کے بارے میں جو ریمارکس دیئے ہیں کہ
“ان کے پاس بہت پیسہ ہے وہ اپنی سیکیورٹی کا انتظام خود کرسکتے ہیں”
چیف جسٹس صاحب کی اسطرح کی رائے کی حیثیت ایک عام قیاس آرائی سے زیادہ نہیں۔یعنی انہوں نے حقائق کی بنیاد پر نہیں بلکہ سوشل میڈیا اور عامی ہفوات پروپیگنڈوں کی بنیاد پر ایسی رائے دی ہے۔جو حقائق کو جاننے والوں میں حقائق سے بہت دور تصور کی جارہی ہے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ چیف جسٹس اپنے منصب عظمی کی شایان شان کسی قومی سطح کی شخصیت کے بارے میں احتیاط سے تبصرہ کریں گے۔