مغربی ایجنڈہ ناقابل قبول ،حکومت ایم ایم اے کے حوالے کردو ملک سےکرپشن ختم ہوجائے گی۔ مولانا فضل الرحمان

مردان:
مغربی ایجنڈہ ناقابل قبول ،حکومت ایم ایم اے کے حوالے کردو ملک سےکرپشن ختم ہوجائے گی۔ مولانا فضل الرحمان
تفصیلات کیمطابق مردان میں متحدہ مجلس عمل کی دوبارہ بحالی کے بعد پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو کشمیر اور افغانستان کے مرنے والے لوگ نظر نہیں آرہے، اقوام متحدہ کی چھتری کے نیچے شام میں انسانیت کا قتل عام ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا قوموں کی آزادی چھین کر امن کے نام پر انسانیت کا خون کررہا ہے اور دنیا بھر میں انسانیت کا خون کیا جارہا ہے۔
کمزور نظام حکومت ملک کو ترقی نہیں دے سکتا، فضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کل پاکستان میں کہا جاتا ہے کہ یہ چور ہے وہ چور ہے، اس کا آسان فارمولا ہے، حکومت ایم ایم اے کے حوالےکردو، کرپشن ختم ہوجائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کچھ پتا نہیں حکومت کس کی ہے، حکمران عدالتوں میں کھڑے ہیں، کمزور نظام حکومت ملک کو ترقی نہیں دے سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی دباؤ میں ہے، ہماری سیاست و پارلیمنٹ بین الاقوامی دباؤ میں رہتی ہے اور ملک میں قانون سازی بھی بین الاقوامی دباؤ میں آکر کی جاتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے لیکن ملک میں 70 سال سے سود کا کاروبار جاری ہے تاہم ہم مغرب کے ایجنڈے کو پاکستان میں نافذ نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آج بندوق اور تلوار کی جگہ ووٹ نے لے لی ہے، عوام کا ووٹ تلوار بھی ہے اور بندوق بھی، اسی لیے ووٹ کی پرچی کو حق کے لیے استعمال کریں گے تو حق ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ 13 مئی کو پورے پاکستان سے لوگ مینار پاکستان پر جمع ہوں گے جس میں قوم کو پاکستان کی اساس یاد دلائیں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ قرارداد پاکستان کو کیسے عملی جامہ پہنایا جاتا ہے۔
جلسہ سے سراج الحق،اویس شاہ نورانی ودیگر جمعیت علماءاسلام ومتحدہ مجلس عمل کے قائدین نے خطاب کیا