سینیٹ کے الیکشن میں جمہوری عمل اور جمہوریت کو شکست ہوئی ،ایم ایم اے میں اختلاف کی خبریں غلط ہیں.مولانا فضل الرحمان

ملتان :
قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن میں جمہوری عمل اور جمہوریت کو شکست ہوئی اور مفاد پرست قوتوں نے اپنا ہدف پورا کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ جوتے مارنا‘ سیاہی پھینکنا بداخلاقی اور کمینہ پن ہے۔ ایم ایم اے میں اختلاف کی خبریں غلط ہیں‘ مرکزی عہدیداروں کے چناؤ میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کر لیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں مدرسہ قاسم العلوم کے سالانہ ختم بخاری شریف کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کا الیکشن ایک پراسس کے تحت ہوا جو ناگزیر تھا۔ا لبتہ اس الیکشن میں جو مناظر سامنے آئے وہ اچھے نہیں تھے جس کے نتیجے میں ملک میں جمہوریت کوشکست ہوئی اور مفاد پرست قوتیں اپنا ہدف پورا کرنے میں کامیاب رہیں۔ اگر یہی حال رہا توعوام کا جمہوریت پر اعتماد ختم ہو جائے گا۔ سینیٹ الیکشن میں قائد حزب اختلاف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی توصورتحال سامنے نہیں آئی البتہ مشاورت کے بعد صورتحال سامنے آ سکتی ہے۔ سیاستدانوں کو جوتے مارنے اور سیاہی پھینکنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی بداخلاقی اور کمینہ پن ہے جس کی نہ تو قانون اجازت دیتا ہے اور نہ ہی اخلاق اس کی اجازت دیتا ہے۔ اگر کوئی کسی کو گالی دے گا تو جواب میں دوسرا بھی گالی دے گا۔ی یہ اصل میں نظریاتی سیاست نہیں ہے اگر یہی صورتحال رہی تو کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت متحد ہے۔ اختلاف کی باتیں کرنے والے سازشی عناصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔