متحدہ مجلس عمل کا سربراہی اجلاس 20 مارچ کو کراچی میں کرنے کا فیصلہ،جلد ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا آغازکیا جائے گا۔مولانا محمد امجد خان

اسلام آباد :
متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں کادو روزہ اجلاس جمعیت علماءاسلام مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر جاری رہا۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال،سینیٹ انتخابات کے نتائج اور آئندہ عام انتخابات کی حکمت عملی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیر کے روز ہونت والےاجلاس میں امیر جمعیت علماءاسلام مولانا فضل الرحمٰن،امیر جماعت اسلامی سراج الحق،علامہ ساجد علی نقوی ،شاہ اویس احمد نورانی ،علامہ ابتسام الہی ظہیر ،لیاقت بلوچ،مولانا محمد امجد خان ،پیر اعجاز ہاشمی ، اسد اللہ بھٹو،علامہ عارف حسین واحدی،علامہ محمد رمضان توقیر،میاں محمد اسلم،محمد خان لغاری،علامہ شبیر حسن میثمی،شمس الرحمن شمسی،محمد اسلم غوری،علامہ شفیق پسروری شریک رہے جبکہ
آج اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن،سینیٹر سراج الحق،علامہ ساجد علی نقوی،مولانا عبدالغفور حیدری،لیاقت بلوچ،حاجی اکرم خان درانی،مولانا محمد امجد خان،علامہ توقیر ضیاء،اسداللہ بھٹو،میاں محمد اسلم ، علامہ عارف واحدی،شبیر حسین میثمی،مفتی ابراراحمد خان ودیگر نے شرکت کی۔
جے یوپی کے راہنماء اپنی پارٹی کے سپریم کونسل کے چیئرمین کی ہمشیرہ کے جنازے میں شرکت کیوجہ سے اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کے راہنماء جماعتی اور نجی مصروفیات کیوجہ سے شریک نہ ہوسکے دونوں جماعتوں کے راہنماء پہلے روز پیر کو اجلاس میں شریک تھے اجلاس کے میڈیا کو پیغام جاری کرتے ہوئے لیاقت بلوچ اور مولانا محمد امجد خان نے بتایا کہ دونوں جماعتوں کے راہنماؤں سے دوران اجلاس رابطے رہے،مرکزی جمعیت اہل حدیث اور جے یو پی کے ساتھ مشاورت میں طے پایا تھا کہ آئندہ متحدہ مجلس عمل کا سربراہی اجلاس 20 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔اجلاس میں طے پایا کہ اسلام آباد،پشاور۔کراچی،لاہور سمیت دیگر شہروں میں عوامی کنونشن منعقد کیئے جائیں،اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں خاکہ بھی مرتب کرلیا گیا ہے جن کی حتمی تاریخوں کا اعلان سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا۔
لیاقت بلوچ اور مولانا محمد امجد خان نے مزید بتایا کہ ایم ایم اے آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر چاہتی ہے،انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل عام انتخابات کیلئے تیار ہے،ہمارا عام انتخابات میں مقابلہ سیکولر لابی کے ساتھ ہوگا،انہوں نے متحدہ مجلس عمل میں عہدوں کے چناؤ کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروںکی سختی سے تردید کی اور کہا کہ یہ کسی کی غلط خواہش ہوسکتی ہے لیکن متحدہ مجلس عمل متحد ہے اور دین اسلام اور وطن کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔