آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں کہ سیاسی قائدین کی پگڑیاں اچھالی جائیں،جمعۃ المبارک کو جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیئے جائینگے.مولانا عبدالغفور حیدری

اسلام آباد :
جمعۃ المبارک کو جمعیت علماء اسلام کے زیراہتمام ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیئے جائینگے ، کارکن ضلعی ہیڈکوارٹرز اور پریس کلب کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں ۔ آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں کہ سیاسی قائدین کی پگڑیاں اچھالی جائیں ، جمعیت کے کارکن ملک بھر میں پرامن احتجاج کامیاب بنائیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری وڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اسلم غوری نے یہاں اسلام آباد میں مرکزی دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت نجی چینل اور مختلف اخبارات میں امیر جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمن کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام جمعہ کو ملک بھر میں پرامن یوم احتجاج منائے گی اور مذکورہ چینل اور اخبارات میں مزاح کےنام پہ سیاسی قائدین کے خلاف پروپیگنڈہ برداشت نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ یادرہے مولانافضل الرحمن ایک سیاسی لیڈرہونےکیساتھ ایک مذہبی رہنما بھی ہے اس شرمناک حرکت سے پورے ملک اور ملک سے باہر جمعیت کے کروڑوں فالورز کی دل آزاری ہوئی ہے ۔ادارہ چھپنے والی خبر میں ملوث لوگوں کے خلاف شفاف تحقیقات کرکے انہیں سامنے لائے اور واضح کرے کہ وہ کس کی ایماء پہ زرد صحافت کو فروغ دے رہے ہیں۔