تاسیس جامعہ
جامعہ قاسم العلوم ملتان کی بنیاد کچہری روڈ پر1365ھ بمطابق1946میں رکھی گئی اور باقاعدہ آغاز و خصوصی دعا کے لئے شیخ العرب و العجم شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنی ؒ12 ذیقعدہ 1365ھ بمطابق 8اکتوبر 1946 ء کو یہاں تشریف لائے بعد ازاں گلگشت کالونی میں موجودہ جامعہ قاسم العلوم(جدید) کی بنیادمفکر اسلام حضرت مولانا مفتی محمودؒ نے رکھی۔
علمی انتساب
علمی اعتبار سے یہ جامعہ اپنی نسبت امام الہند حضرت شاہ ولی اللہ بن عبد الرحیم نور اللہ مرقدہ کے ساتھ رکھنے کو اپنے لئے باعث عزت وافتخار سمجھتا ہے، حضرت شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ نے اس بر صغیر میں اسلامی معاشرت کی حفاظت کے لئے جو بے مثال قربانیاں دی ہیں اور احیائے سنت کی تحریک کے لئے جو خدمات انجام دیں، وہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھنے کے قابل ہیں،حضرت شاہ ولی اللہ ؒ بلاشبہ اس خطہ ہند و سند ھ میں علم و فضل کے نہایت بلند وبالا مینار تھے، آپ کے بعد آپ کی صلاحیتوں کے امین آپ کی فکر و نظر کے ترجمان حضرت استاذ العلماء مولانا محمد قاسم نانوتوی ؒ اور فقیہ زماں حضرت مولانارشید احمد گنگوہی ؒ قرار پائے اور ان حضرات سے یہ اندازِ فکر اوررشدوہدایت کا مبارک سلسلہ علمائے دیوبند رحمہم اللہ میں منتقل ہوا، جس کی ایک شمع یہاں جامعہ قاسم العلوم ملتان میں روشن ہے۔
مسلک و مشرب
جامعہ کے ہر طالب علم، استاذ اور ملازم کی اہل ِ سنت والجماعت کے مسلک حق سے مکمل وابستگی ضروری ہے، جمہور علماء اور خصوصاً جامعہ کے اسلاف کے فکرو عمل سے مکمل مطابقت اور ہم آہنگی رکھے اور اس سے کسی بھی قسم کا انحراف نہ کرے۔
نظم و نسق
جامعہ قاسم العلوم کے باقاعدہ آغاز و خصوصی دعا کے لئے 8 اکتوبر 1946ء کوشیخ العرب والعجم شیخ الاسلام حضرت مولانا حسین احمد مدنی ؒیہاں تشریف لائے۔ فرمایا:”اللہ تعالیٰ اس مدرسہ کو چشمہ دین بنا کر اسم بہ مسمیٰ بنائے،اس کے فیض یافتہ کوجیّد عالم، مبلغ ِ اعظم، مجاہد اسلام بنائے، اسکے منتظمین و معاونین کو خوشحال رکھے“ اور حضرت شیخ الاسلام ؒکی وفات تک جامعہ کو ان کی سرپرستی حاصل رہی،بعدازاں جامعہ کااہتمام9جولائی1948ء کوشیخ التفسیرمولانامفتی محمد شفیع ملتانیؒ کے سپردہوا۔ اگست 1951ء میں مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی محمود ؒ جامعہ میں مدرس مقرر ہوئے اور1974ء میں جامعہ کی روایات کے مطابق مہتمم مقرر ہوئے، حضرت مفتی صاحب ؒکے 29سالہ دورمیں جامعہ نے قابل ِرشک خدمات سر انجام دیں، نئی شاخوں کے قیام کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک کے طلباء کا رجحان بھی بڑھا، جامعہ قاسم العلوم کچہری روڈ ملتان کی قدیم عمارت ناکافی ہونے کی وجہ سے حضرت مفتی صاحب ؒنے گلگشت کالونی میں موجودہ جامعہ قاسم العلوم (جدید) کیلئے ساڑھے اٹھارہ کنال پر مشتمل اراضی حاصل کی اور موجودہ جامعہ کی تعمیر کا آغاز کیا۔ جامع مسجد اور مرکزی دارالحدیث کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد دیگر عمارت تعمیرکے مراحل میں تھی کہ 14 اکتوبر 1980ء میں حضرت مفتی صاحبؒ سفرِ حج کے دوران اس دارِ فانی سے رحلت فرما گئے، آپؒ تا حیات جامعہ کے مہتمم رہے، 27نومبر1982ء کو اس جدید جامعہ گلگشت میں تمام اہم تعلیمی وانتظامی شعبہ جات کو منتقل کر دیا گیا،حضرت مفتی صاحب ؒکی وفات کے بعد شیخ الحدیث حضرت مولانا فیض احمد ؒ جامعہ کے مہتمم منتخب ہوئے اوراس کے بعد 2006ء تک حضرت مولانا عبدالبر محمد قاسم ؒجامعہ کے مہتمم رہے، 2006ء میں جامعہ کا اہتمام شیخ التفیسرحضرت مولانا محمد یٰسین ؒ کے سپرد ہوا، آپؒ تا حیا ت جامعہ کے مہتمم رہے۔ یکم جولائی 2013ء کو حضرت مولانااسعد محمود حفظہ اللہ جامعہ کے نائب مہتمم مقرر ہوئے۔ حضرت مولانا محمد یٰسین ؒ کی وفات کے بعد 10جنوری 2016ء کو جامعہ کی مجلس شوریٰ نے متفقہ طور پر حضرت مولانا اسعد محمود حفظہ اللہ کو مہتمم منتخب کیا، الحمدللہ آپ کی نگرانی میں جامعہ اس وقت تعلیمی و تعمیری میدان میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔فللّٰہ الحمدعلیٰ ذلک.
اغراض ومقاصد
جامعہ کا اہم مقصد ایسے علماء و فضلاء اور اسلام کے داعی تیار کرنا ہے جو کمال علم کے ساتھ تقویٰ، للٰہیت اور اخلاص کے زیور سے آراستہ ہوں، جن کا مقصد اساسی دین اسلام کی حفاظت، اس کی نشر واشاعت اور امت مسلمہ کی صراط مستقیم کی طر ف رہنمائی ہو۔
دوسرے مدارس، جامعات اورتعلیمی اداروں کے ساتھ روابط پیدا کرنا اور تجرباتی میدان میں ان سے تعاون کرنا۔
نئی نسل کی دین سے دوری کو ختم کرنا اور دینی اقدار اور اسلامی آداب و ثقافت سے روشناس کرانا۔
عوام کی اصلاح و رہنمائی اور فرقِ باطلہ کے ملحدانہ افکار و باطل نظریات سے بچانے کیلئے علمی و تحقیقی کام کرنا۔
مجلس شوریٰ/مجلس عاملہ
یہ دونوں مجالس جامعہ کے بڑے اساتذہ،اکابر علمائے کرام اور معززین علاقہ پر مشتمل ہیں،جو جامعہ کے نظم و نسق اور تعلیمی نصاب کے حوالے سے مشاورت اور اہم فیصلے کرتی ہیں،یہ مجلس شوریٰ 1952ء سے رجسٹرڈ ہے۔
اساتذہ کرام
مجلس شوریٰ کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی کہ جامعہ کے لئے با کمال، تجربہ کار اور مخلص اساتذہ کرام کا انتخاب ہو،ان اساتذہ میں اکثریت جامعہ کے فضلاء ہیں،جبکہ ان کے علاوہ بعض اساتذہ عصری جامعات کی ڈگریوں کے حامل بھی ہیں اور ان میں بعض مختلف علمی تصانیف کے مصنف بھی ہیں
آغاز ِ تعلیم
جامعہ کے تعلیمی سال کا آغاز شوال المکرم کے دوسرے عشرے سے ہوتاہے، داخلے کے سلسلے میں ایک ضابطہ ہے کہ جامعہ میں ایسے طلباء کو داخلہ دیا جائے جو دینی مزاج اور مطلوبہ استعداد رکھتے ہوں جس کے لئے داخلہ امتحان لازمی ہوتا ہے، تاریخ داخلہ10-15شوال (حسبِ مشورہ تاریخ کااعلان ہوتا ہے)۔
اوقات تعلیم
درجاتِ کتب میں صبح چار گھنٹے اور ظہر کے بعد دو گھنٹے تعلیم ہوتی ہے، درمیان میں کھانے، آرام اور نماز کا وقفہ ہوتا ہے، جبکہ حفظ کی کلاسیں ان دو مذکورہ اوقات کے علاوہ مغرب سے عشاء تک ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ درجات کتب کے طلبہ کیلئے مغرب سے لے کر کم از کم رات ساڑھے دس بجے تک اساتذہ کی نگرانی میں تکرار و مطالعہ کا نظم بھی ہے۔
ناظرہ و تحفیظ ِقرآن کریم
جامعہ کا ایک اہم شعبہ ناظرہ وتحفیظِ قرآن کریم ہے، جس میں بچوں اوربچیوں کو قرآن کریم ناظرہ اورحفظ کرایا جاتاہے، اور اس وقت بھی اس شعبہ میں سینکڑوں طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
عصری تعلیم
اس شعبہ کے تحت حفاظ کو خصوصاً اور دیگر طلبہ کو میٹرک تک ریگولر عصری تعلیم دی جائے گی، اس سلسلہ میں جامعہ آئندہ سال میں باقاعدہ سکول رجسٹرڈ کروارہا ہے، اگلے سال داخل ہونے والے طلبہ چار سال بعد نہم اور اس کے بعد دھم کا امتحان پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ سے باقاعدہ دیں گے۔
درس نظامی
یہ برصغیر کے تقریباً تمام دینی مدارس کا کم ازکم مڈل یا میٹرک کے بعد بنیادی مشترکہ و متفقہ آٹھ سالہ نصاب ہے، اس میں جو علوم پڑھا ئے جاتے ہیں وہ ترجمہ و تفسیر قرآن کریم، اصولِ تفسیر، حدیث نبوی،اصول ِ حدیث، فقہ، اصولِ فقہ،علم ِمیراث، علمِ کلام، سیرتِ نبویﷺ، تاریخ اسلام اوردیگر علوم ِ عربیہ جیسے صرف، نحو، لغت، بلاغت، ادب، عروض وقوافی، منطق، فلسفہ اور فلکیات وغیرہ پر مشتمل ہیں، مڈل یا میٹرک اور درسِ نظامی مکمل کرنے کے بعد وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے ”عالمیہ“(مساوی ایم اے عربی، اسلامیات) کی سند دی جاتی ہے۔
تخصص فی الفقہ والافتاء
وفاق المدارس العربیہ کے درجہ عالمیہ (دورہ حدیث) سے فارغ التحصیل علمائے کرام کو ایک سالہ کورس کرایا جاتا ہے جس میں جامعہ کے جیّد مفتیانِ کرام کا مرتب کردہ نصاب پڑھایا جاتا ہے اور فتویٰ نویسی کی مشق بھی کرائی جاتی ہے۔
دراسات دینیہ
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی ترتیب پر بعد از مغرب تا عشاء 2 سالہ کورس کی تعلیم دی جاتی ہے، بڑی عمر کے افراد خصوصا قرب و جوار میں رہنے والے اور ہاسٹلوں میں مقیم عصری علوم کے طلباء، تاجر و ملازمین حضرات اور عوام الناس کے لیے قرآن کریم تجوید کے ساتھ پڑھانے اور بنیادی دینی معلومات و احکام سکھانے کا اھتمام کیا جاتا ہے
بزمِ مفتی محمودؒ
تمام طلبہ کے لئے یہ نظم بنایا گیا ہے کہ وہ ہربدھ کو عشاء کے بعد اپنی اپنی درسگاہ میں جمع ہو کر فن ِ خطابت کی مشق کریں، تاکہ آئندہ عملی میدان میں خطاب و بیان کے ذریعے وہ اچھے انداز سے عوام کو دینی تعلیمات سے روشناس کرا سکیں۔اس کے لئے ایک باقاعدہ نظام ہے، اورہر کلاس کیلئے نگران مقرر ہیں۔
کتب خانہ (لائبریری)
جامعہ کے احاطہ مین ایک بڑا کتب خانہ ہے، جس میں درسی کتب کے علاوہ اسلامی علوم اور دیگر فنون کی ہزاروں کتابیں موجود ہیں، یہ کتب خانہ صبح شام (دوپہر) کے تعلیمی اوقات علاوہ مغرب تا عشاء بھی کھلا رہتا ہے،طلبہ، اساتدہ کرام اور باہر کے لوگ بھی استفادہ کرتے ہیں۔
خوشنویسی
جامعہ میں طلباء کے لئے خوشخطی سکھانے کا بھی انتظام ہے، جس کے لئے باقاعدہ ایک ماہر خوش نویس استاذ مقرر ہے۔
شاخہائے جامعہ
جامعہ کی کئی شاخیں ہیں، جن میں حفظ و ناظرہ اور درس نظامی کی تعلیم کا انتظام ہے تقریباً تمام شاخوں میں طلبہ کی رہائش کیلئے دارالاقامہ کی سہولت بھی ہے، ان شاخوں کی فہرست درج ذیل ہے:
مدرسہ قاسم العلوم (قدیم) کچہری روڈ
مدرسہ تعلیم القرآن، مسجد سرائے چہلیک قدیرآباد
مدرسہ تعلیم القرآن،مسجدابو ہریرہ سبزہ زار کالونی
مدرسہ عائشۃ الصدیقہ سبزہ زار کالونی
مدرسہ و مکی مسجدفاروقیہ ساتواں میل مظفر آباد
مدرسہ امِ حبیبۃ الصدیقہ ساتواں میل مظفر آباد
مدرسہ تجویدالقرآن، مسجدسناراں والی گھنٹہ گھر
مدرسۃ الصالحات للبنات گلگشت
مدرسہ و مسجد خالد بن ولیدملتان پبلک اسکول روڈ
زید معلومات کے لیے
جامعہ سے رابطے میں رہیے
ایمیل
info@qasimululoommultan.com
darulifta@qasimululoommultan.com
فون
0092-616522344
0092-614512621
ایڈریس
جامعہ قاسم العلوم، گول باغ گلگشت ملتان
پوسٹ بکس نمبر:906 پوسٹ کوڈ: 60700
بینک اکاؤنٹ
برانچ کوڈ: 0542 اکاؤنٹ نمبر:
4145803518
نیشنل بینک آف پاکستان گلگشت برانچ ملتان
واٹس ایپ
0092-3326522344
مھتمم
مولانا اسعد محمود (رکن قومی اسمبلی)
ایڈمنسٹریٹر (ناظم اعلیٰ)
مفتی عامر محمود