وطن عزیز میں سب سے زیادہ حفاظ کا پایا جانا دینی مدارس کا کارنامہ ہے،حکومت اشیائے صرف کی قیمتوں کو کنٹرول اور احترام رمضان آرڈیننس پر عمل کو یقینی بنائے ۔قاری محمد عثمان

کراچی:
جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک رجوع الی اللہ و تقوی کے حصول کا مہینہ ہے۔ وطن عزیز میں سب سے زیادہ حفاظ کا پایا جانا دینی مدارس کا کارنامہ ہے۔ حکومت اشیائے صرف کی قیمتوں کو کنٹرول اور احترام رمضان آرڈیننس پر عمل کو یقینی بنائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکزی جامع مسجد ٹرک اڈا ماڑی پور میں مولانا عبدالسلام شاہ کے ختم قرآن اور ناظم آباد میں راحت عالم کی رہائش گاہ پر نماز تراویح میں ختم قرآن کی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے مولانا نور الحق اور مولانا نصر اللہ نے بھی خطاب کیا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ ماہ رمضان وہ بابرکت مہینہ ہے کہ جس میں نوافل ادا کرنے پر فرض کا ، اور ایک فرض پر ستر فرائض کا ثواب ملتا ہے۔ یہ مہینہ رجوع الی اللہ و تقویٰ کے حصول کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں قرآن کریم کا نزول ہوا۔مسلمان جب تک قرآنی آحکامات پر عمل کرتے رہے وہ سرخ رو رہے ۔ لیکن جب مسلمانوں نے قرآنی احکامات سے رو گردانی اختیار کی تو ذلت ان کا مقدر ٹھہری ۔ انہوںنے کہا کہ قرآنی احکامات پر عمل ہی راہ نجات و فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں دنیا بھر کے سب سے زیادہ حفاظ کا پایا جانا یہ دینی مداس کا کارنامہ ہے۔ انہوںنے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ دینی مداس کے ساتھ تعاون کر کے اشاعت دین میں معاون ثابت ہوں۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ ماہ مقدس میں کمر توڑ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھرکردیا ہے۔اور اشیائے صرف عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کی حالت پر رحم کرتے ہوئے اشیائے صرف کی قیمتوں کو کنٹرول کرے۔ اور احترام رمضان آرڈیننس پر عمل کو یقینی بنائے۔